لڑکیاں خطرے میں ہیں
خوبصورت لڑکیاں خطرے میں ہیں؟
لڑکیاں خطرے میں ہیں
ہر طرح کی لڑکیاں خطرے میں ہیں
خوبصورت یا کریہہ
سبز یا کالی ، سفید
اونچی لمبی سرو قد اور خوش بدن
پست قامت، ٹھگنی، موٹی، سیاہ رو
نک چڑھی اور خوش مزاج
بدتمیز اور بے ادب
سچی، جھوٹی
ہر طرح کی لڑکیاں خطرے میں ہیں
عورتیں خطرے میں ہیں
عورتوں کو چاہئیے کہ چادریں اوڑھے رہیں
چادریں اوڑھے رہیں؟
چادریں اوڑھیں تو ان کی چادریں خطرے میں ہیں
اور پھر ان چادروں میں عورتیں خطرے میں ہیں
چادریں اور عورتیں اور چادروں میں عورتیں
اور چادریں اوڑھے ہوئے اور چادریں اوڑھے بغیر
عورتیں خطرے میں ہیں
عورتوں کی چادریں خطرے میں ہیں
چادریں خطرے میں ہیں؟
عورتوں کی چادریں ہیں اس لیے خطرے میں ہیں
بچیاں خطرے میں ہیں
بولتی، خاموش، ہنستی مسکراتی
آپ اپنے میں مگن
یا روتی دھوتی
کھیلتی، چپ چاپ بیٹھی
دودھ پیتی
بچیاں خطرے میں ہیں
گھر کے اندر، گھر سے باہر
شہر میں، جنگل میں، سڑکوں پر، گلی میں
بس میں، رکشے، کار میں،
پیدل اکیلی، تین، دو یا پانچ، پندرہ
بچیاں خطرے میں ہیں اور لڑکیاں خطرے میں ہیں اور عورتیں خطرے میں ہیں
عورتیں اور لڑکیاں اور بچیاں
گھر میں، باہر، شہر میں، جنگل میں قبرستان میں،
موت سے پہلے بھی اس کے بعد بھی
عورتیں اور لڑکیاں اور بچیاں
عورتوں اور لڑکیوں اور بچیوں کی میتیں
خطرے میں ہیں۔۔۔۔
سلمان حیدر
No comments:
Post a Comment