Saturday, 14 August 2021

افغانستان -مبشر علی زیدی

موجودہ حالات میں یہ سوال اور اس کا جواب ثانوی درجہ رکھتا ہے کہ افغانستان میں امریکا جیتا یا ہارا۔
اصل سوال یہ ہے کہ افغانستان میں جو ہورہا ہے اور ہونے والا ہے، اس کا بوجھ اور نتائج کون برداشت کرے گا؟
پیسہ چاہیے ورنہ جو افغان گولی اور بم دھماکے سے نہیں مریں گے، وہ بھوک سے مرجائیں گے۔ کیا چین پیسہ فراہم کرے گا؟
لاکھوں افغان پناہ کی تلاش میں نکلیں گے۔ کیا اقوام متحدہ پہلے کی طرح جوش و خروش سے افغان پناہ گزینوں کو امداد فراہم کرے گی؟
جہادیوں کے تربیتی مرکز دستیاب ہونے سے دہشت گردی برآمد یعنی ایکسپورٹ ہوگی۔ کیا ہمسایوں کی سرحدیں محفوظ ہیں؟
مسلمان ملکوں کے نوجوان شدت پسندوں کی کامیابی سے متاثر ہوں گے۔ کیا مسلمان حکومتیں غفلت کا مظاہرہ کریں گی؟
مغربی ملکوں سے جو انتہاپسند نوجوان اسلامی مملکت کا خواب دیکھ کر شام پہنچے تھے، کیا اب وہ افغانستان کا رخ کریں گے؟
کیا پاکستان ماضی کی طرح دہشت گردوں کی حکومت کو تسلیم کرے گا یا نہیں؟ نہیں کرے گا تو کیا ان کی پاکستانی شاخ پریشان نہیں کرے گی؟ کرے گا تو ایف اے ٹی ایف میں کیا بنے گا؟ کیا عالمی برادری کی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا؟
پڑوس میں مسلح جنونی حکومت کے ہونے سے پاکستان کے سیکورٹی اخراجات کتنے بڑھ سکتے ہیں؟ کیا معیشت مزید بوجھ اٹھاسکتی ہے؟
آخری سوال، خدا خدا کرکے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ اور دوسری سرگرمیوں کا آغاز ہوا تھا۔ کچھ سیاح آنا شروع ہوئے۔ پڑوس میں بارود کا ڈھیر جمع ہونے سے کیا ایک بار پھر پاکستان عالمی برادری کے لیے ممنوعہ علاقہ بن جائے گا؟

No comments:

Post a Comment

Urdu Poetry